عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ‘میں نے کسی کے خلاف پریس کانفرنس نہیں کی، خوشی ہے پی ٹی آئی میرے ساتھ کھڑی ہے‘۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی پیشی پر سابق وزیر داخلہ کی تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات ہوئی، اس دوران میڈیا سے غیررسمی گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘میں حلقہ 56 اور 57 دونوں سے الیکشن لڑوں گا، عوامی مسلم لیگ کی جانب سے انتخابات میں حصہ لوں گا لیکن پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کر لی ہے، میں نے کسی کیخلاف پریس کانفرنس نہیں کی، مجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ‘اللہ نہ کرے میرے سامنے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار ہو، پی ٹی آئی میرے مقابلے میں امیدوار نہیں لائے گی کیوں کہ میں نے تحریک انصاف کیلئے قربانیاں دی اور چلہ کاٹا ہے، نسلی اور اصلی ہوں کبھی غداری نہیں کروں گا اس لیے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا، تاہم اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں قلم دوات پر لڑتا ہوں اور اب بھی لڑوں گا، فتح اور شکست اللہ کی طرف سے ہے‘۔
اس موقع پر صحافی نے صدر پی ٹی ائی چوہدری پرویز الٰہی سے سوال کیا کہ ‘کیا آپ کو لیول پلیئنگ فیلڈ مل رہی ہے؟‘ اس کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ‘فیلڈ ہی کوئی نہیں لیول کیا ہونا ہے، ملک سے دونوں لاڈلوں نواز اور شہباز نے جو کیا ہے غریبوں کو کھانے کو کچھ نہیں مل رہا، ابھی کل دوبارہ گیس کی قیمت بھی بڑھی ہے بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہ
ے، مجھے دو مرتبہ اٹیک ہوا ہے مگر ہسپتال نہیں جانے دے رہے، یہ کون سا جنگل کا قانون ہے؟ اگر کسی نے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن نہ ہونے دیا تو ملک کو نقصان ہو گا، ایسا نقصان ہو گا کہ لوگ ساری تحریک کو بھول جائیں گے، انتخابات ہونے دیں، اچھی سوچ اور کام کی بنیاد رکھیں‘۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ‘6 ماہ سے جیل میں ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود پارٹی کا صدر بنایا، تحریک انساف کی جانب سے تین قومی اور تین صوبائی اسمبلی حلقوں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہوں، شیخ رشید احمد سے پرانا رشتہ ہے، بزرگوں سے چلا آر رہا ہے، این اے 56 اور57 شیخ صاحب کو دینا ہے اور اس کیلئے عمران خان کو منانا ہے، شیخ صاحب کی کامیابی کیلئے مکمل کوشش کریں گے‘۔”