اسلام آباد: پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے لاپتہ سابق چیف سیکیورٹی آفیسر، عمر سلطان، اب گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمر سلطان کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل فیاض کنڈوال نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمر سلطان واپس گھر آ گئے ہیں، لیکن ان کی طبیعت کی خرابی کی وجہ سے انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چونکہ شہری واپس آ گیا ہے، اب آپ کیا چاہتے ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور ایف آئی آر درج ہو چکی ہے۔ عدالت نے کیس کی آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے عمر سلطان کی بازیابی کا کیس نمٹا دیا۔