اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک – 8 جنوری 2024ء): سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بلے کے نشان کی درخواست کی سماعت کے لئے 10 جنوری کو مقرر کردی ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق، سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران، پی ٹی آئی رہنما حامد خان کو عدالت نے طلب کیا، جس پر وہ روسٹرم پر آئے۔
چیف جسٹس نے حامد خان سے پوچھا کہ کیا آپ کی درخواست کل مقرر کر دی گئی ہے؟ اس پر حامد خان نے استدعا کی کہ آج ہی سماعت کیلئے مقرر کر دی جائے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آج 9 ممبر بنچ بھی ہے اور ایک خصوصی بنچ بھی ہے، حامد خان نے کہا کہ ہماری ترجیح آج ہے، نہیں تو پھر پرسوں لگا دیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ فیصلے کے خلاف آئے ہیں یا 184/3 کی درخواست ہے؟ حامد خان نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف 185/3 میں سپریم کورٹ آئے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بس پھر معاملہ ججز کمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیلئے کیس مقرر کر دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔