دنیا کا پہلا ایئرپورٹ، جسے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پاسپورٹ فری بنایا گیا۔

 پاسپورٹ فری

اگر آپ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں تو ائیرپورٹ پر پاسپورٹ، شناخت کی تصدیق اور دیگر مراحل کی وجہ سے کافی وقت لگتا ہے۔ مگر ذرا تصور کریں کہ اگر آپ کو بغیر پاسپورٹ یا دیگر شناختی دستاویزات کے ہی اپنی پرواز میں سوار ہونے کا موقع مل جائے، تو یہ عمل نہ صرف وقت بچائے گا بلکہ سفری تجربے کو بھی خوشگوار بنا دے گا۔

دنیا میں پہلی بار سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ پر ایک جدید اور تیز رفتار بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروایا گیا ہے جس میں مسافر محض 10 سیکنڈ میں امیگریشن کے تمام مراحل مکمل کر سکتے ہیں۔ 24 اکتوبر کو جاری ایک بیان میں سنگاپور کی امیگریشن اینڈ چیک پوائنٹس اتھارٹی (آئی سی اے) نے بتایا کہ چانگی ائیرپورٹ کے تمام چار ٹرمینلز میں 30 ستمبر سے پاسپورٹ فری کلیئرنس سسٹم مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے۔ اس نظام کے تحت مسافروں کی شناخت چہرے کے اسکین سے کی جاتی ہے، جس سے امیگریشن کے عمل میں تقریباً 60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

تاہم غیر ملکی مسافروں کو سنگاپور پہنچنے پر اب بھی پاسپورٹ دکھانا ہوگا، مگر واپس جاتے وقت صرف بائیومیٹرک سسٹم ہی کافی ہوگا۔ اعداد و شمار کے مطابق، 15 اکتوبر تک تقریباً 15 لاکھ مسافر پاسپورٹ کے بغیر امیگریشن کلیئر کر چکے تھے، جو اس سسٹم کی کامیابی کی علامت ہے۔

حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سنگاپور پہنچنے سے تین دن قبل تمام مسافروں کو SG Arrival Card جمع کرانا ضروری ہوگا۔ یہ دنیا کا پہلا ائیرپورٹ ہے جہاں اتنے بڑے پیمانے پر مسافروں کے لیے پاسپورٹ فری کلیئرنس نظام کا اطلاق کیا گیا ہے۔ اس نئے سسٹم کی آزمائش کافی عرصے سے جاری تھی اور اگست 2024 میں اس کا ٹرائل شروع ہوا تھا، جس کے بعد اب اس کو مکمل طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے