جاپان کے سرکاری سکولوں میں انگریزی پڑھانے کے لیے پاکستانی اساتذہ بھیجنے کی تیاری۔

جاپان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کا ذیلی ادارہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) جاپان کے سرکاری سکولوں میں انگریزی پڑھانے کے لیے پاکستان سے اساتذہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ‘پرو پاکستانی’ کے مطابق، جاپان کو انگریزی زبان کے 30 معاون اساتذہ کی فوری ضرورت ہے۔

اس ملازمت کے لیے درخواست دہندگان کے پاس بیچلر یا اس کے مساوی ڈگری ہونی چاہیے، کم از کم ایک سال کا تجربہ ہونا چاہیے، اور عمر 24 سے 45 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ اس ملازمت کے لیے مرد یا عورت کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ جاپان جانے والے ان اساتذہ کو 2 لاکھ 20 ہزار ین (تقریباً 3 لاکھ 96 ہزار روپے) تنخواہ اور مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

یہ ایک کنٹریکٹ پر مبنی ملازمت ہوگی، جس کی مدت 7 اپریل 2025ء سے 24 مارچ 2026ء تک ہوگی۔ درخواست دہندگان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے اور انہیں طبی لحاظ سے بھی اس ملازمت کے لیے موزوں ہونا چاہیے۔ اس کے لیے انہیں حالیہ میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی فراہم کرنا ہوگا۔

درخواست دہندگان کو جاپان میں ذاتی رہائش کے لیے پرواز کے اخراجات کے علاوہ کم از کم 6 لاکھ ین (تقریباً 10 لاکھ روپے) یا مشترکہ رہائش کے لیے کم از کم 3 لاکھ ین (تقریباً 5 لاکھ روپے) درکار ہوں گے۔ امیدواروں کو اپنی سی وی کے ساتھ تین منٹ کی اپنے تعارف کی ویڈیو بھی فراہم کرنی ہوگی اور پاکستان میں ‘M/S Borderlink’ کے تربیتی سیشن میں شریک ہونا ہوگا۔ انہیں 31 مارچ 2025ء تک جاپان میں اپنے مقررہ مقام پر پہنچنا ہوگا۔

اس ملازمت میں دلچسپی رکھنے والے مرد و خواتین او ای سی کی ویب سائٹ ‘oec.gov.pk’ پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے فون نمبر 0311-0011-632 یا ای میل ایڈریس helpdesk@oed.gov.pk پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے