بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ، وادی میں مکمل شٹرڈاؤن۔

بھارت

بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں یومِ سیاہ، مکمل ہڑتال اور احتجاج

بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آج کے دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانے کی کال دی تھی، جس کے تحت مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔ تمام کاروباری مراکز بند ہیں اور زندگی معمول کے مطابق جاری نہیں ہے۔

اس موقع پر حریت رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ کشمیری عوام بھارت کو ایک واضح پیغام دے رہے ہیں کہ وہ اس کے قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یومِ آزادی منانے کا نہ کوئی قانونی حق ہے اور نہ ہی اخلاقی، کیونکہ کشمیر پر بھارت کا قبضہ عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

دوسری جانب، بھارتی حکومت کی تمام تر جابرانہ کارروائیاں بھی کشمیریوں کو پاکستان کا یومِ آزادی منانے سے نہ روک سکیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے اور پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے۔

قابض فوج کی سخت نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کے باوجود مختلف اضلاع میں کشمیری عوام نے پاکستان کے حق میں پوسٹرز چسپاں کیے جن پر ’یومِ آزادی مبارک‘ اور ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ جیسے نعرے درج تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے