وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے بجلی صارفین کے لیے ریلیف پیکج کا خیرمقدم کیا ہے، جو پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ذریعہ متعارف کرائے گئے تاریخی ریلیف پیکج کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس پیکج کے تحت، 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا ہے، جو کہ نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے۔
شہباز شریف نے وضاحت کی کہ نواز شریف کی ہدایت پر جب انہوں نے قلمدان سنبھالا، تو عوامی ریلیف کو حکومت کی پہلی ترجیح بنایا۔ وفاقی ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کاٹے گئے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے، جس سے 200 یونٹ والے صارفین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات اور بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے ذریعے اس مسئلے کا دیرپا حل نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 14 روپے کمی کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں، اور اس ریلیف پیکج کے تحت اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو یہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ مزید برآں، پنجاب میں سولر پینل اسکیم کے لیے 700 ارب روپے خرچ ہوں گے۔