انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2023 کے بہترین ون ڈے کرکٹر اور سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھارت کے ویرات کوہلی ،رویندرا جڈیجا، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ورلڈکپ جیتنے والے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کے درمیان مقابلہ تھا۔
آئی سی سی کے مطابق 2023 میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور پھر کرکٹ ورلڈکپ جیتنے والے پیٹ کمنز سرگار فیلڈ سوبرز کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا سال 2023 شاندار رہا،انہوں نے 24 میچز میں 59 وکٹیں لیں اور 422 رنز اسکور کیے اور ساتھ ہی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ورلڈکپ ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر
آئی سی سی مینز ون ڈے پلیئر آف دی ایئر 2023 کے لیے بھارت کے ویرات کوہلی، محمد شامی ، شبمن گل اور نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔
تاہم گزشتہ سال ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے بھارت کے ویرات کوہلی نے آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
کوہلی نے یہ ایوارڈ ریکارڈ چوتھی بار جیتا ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلئرز نے 3 بار ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
ویرات کوہلی نے 2012، 2017 اور 2018 میں بھی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔