ماسکو میں کانسرٹ ہال پر حملے کے شبے میں گرفتار 2 ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ماسکو میں مشتبہ افراد پر دہشت گرد حملے میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعید اکرمی مراد علی رجب علیزادہ اور دلیرجون باروتووچ مرزایوف کے نام سے ملزمان کی شناخت ہوئی ہے۔ دونوں مشتبہ افراد غیر ملکی شہری ہیں۔
روسی حکام کے مطابق ایک ملزم کو ہتھکڑی، دوسرے کو آنکھوں پر پٹی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ جمعے کو ماسکو کے قریب کانسرٹ ہال میں مسلح افراد کی فائرنگ اور دھماکے میں ہلاک افراد کی تعداد 137 ہوگئی جبکہ 100 زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ حملے کی ذمے داری داعش نے قبول کی ہے۔
اس حوالے سے امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ "داعش خراسان” نے کیا، داعش کا یہ گروپ پاکستان، افغانستان اور ایران میں سرگرم ہے۔
دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو کانسرٹ ہال میں فائرنگ کے 4 ملزمان سمیت 11 افراد گرفتار کرلیے۔