بنگلادیش:سیلاب سے لاکھوں افراد محصور، طلبہ کا بھارت پر پانی چھوڑنے کا الزام۔

بنگلادیش

بنگلادیش میں بارشوں اور سیلاب نے تقریباً 36 لاکھ افراد کو محصور کر دیا ہے اور دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی وزارت کے مطابق، سیلاب نے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور کئی علاقوں میں سڑکوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقے فینی، مولوی بازار، حبی گنج، کوملا، اور چٹاگانگ ہیں۔ بدھ کی رات، ڈھاکا میں طلبہ نے احتجاجی ریلیاں نکالیں، جن میں الزام عائد کیا گیا کہ سیلاب بھارت میں واقع ڈیم کے سلوز گیٹس کھولنے کی وجہ سے آیا ہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب گمتی ندی پر واقع دمبور ڈیم سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ دریاؤں پر سیلاب ایک مشترکہ مسئلہ ہے جو دونوں ممالک کے لوگوں کو متاثر کرتا ہے، اور اس کے حل کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔

اس کے علاوہ، بھارت کی مشرقی ریاست تری پورہ میں مسلسل تین دن کی بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈ اور سیلاب کی وجہ سے 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے