راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اڈیالہ جیل میں القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی موجودگی ثابت ہو جائے تو وہ معافی مانگیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے غیرمشروط معافی مانگنے کا تاثر غلط ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ان کا واحد مقصد پاکستان کے لیے انصاف حاصل کرنا ہے، اور وہ کسی بھی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جتنے مقدمات بنانا ہیں بنا لیں، کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔” انہوں نے وضاحت کی کہ "ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔” عمران خان نے الزام عائد کیا کہ حکومت میں موجود کچھ عناصر فوج کو ورغلا رہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کو ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کریں گے، لیکن اس وقت ان کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی ورنہ ان کی حفاظت کو خطرہ ہو سکتا ہے۔